گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کی جدید کاری، 12 ارب روپے کے منصوبے پر کام تیز

حکومت پاکستان کی جانب سے ہانگ کانگ کنونشن کی توثیق کے بعد گڈانی شپ بریکنگ انڈسٹری کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے گرین یارڈ منصوبے پر کام جاری ہے، جبکہ وفاقی پی ایس ڈی پی کے تحت 12 ارب روپے کی لاگت سے گڈانی شپ بریکنگ انڈسٹری کی جدید کاری کے منصوبے پر بھی پیشرفت ہورہی ہے۔

بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی منصوبے کی ریگولیٹری اتھارٹی کے طور پر منصوبے کی نگرانی کررہی ہے۔ کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء نے 100 ایکڑ رقبے پر مشتمل گڈانی منصوبے کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر سعید عمرانی نے کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہانگ کانگ کنونشن کے تقاضوں کے مطابق گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں ویسٹ مینجمنٹ پلان، 30 بستروں پر مشتمل ہسپتال، فائر فائٹنگ و ریسکیو سینٹر، لیبرز ٹریننگ سینٹر، سولر سسٹم، اسکول، گرین یارڈ اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کردیا گیا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کے توسیعی منصوبے پر بھی کام شروع ہوچکا ہے اور اس سلسلے میں کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ ایکنیک نے منصوبے کی منظوری 2024 میں دی تھی جبکہ منصوبے پر عملی کام 2025 میں شروع کیا گیا۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر کے مطابق نیشنل اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلوں کی روشنی میں کنسلٹنسی اور فیزیبلٹی اسٹڈی کے لیے منصوبے کے پانچ فیصد فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔

ای ٹینڈرنگ کے ذریعے پہلے مرحلے میں 26 ایکڑ رقبے پر پانچ میگاواٹ سولرائزیشن، 19 ایکڑ پر ہائی اسکول اور 7 ہزار مربع فٹ رقبے پر ڈاکٹرز کالونی کی تعمیر شروع کردی گئی ہے۔ ان ترقیاتی منصوبوں کے ورک آرڈرز بھی جاری کیے جاچکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے لیے ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر، انجینئرز، ڈائریکٹر فنانس اور ڈائریکٹر ایڈمن کی تقرری تاحال باقی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان نے 6 دسمبر 2023 کو بحری جہازوں کی محفوظ اور ماحولیاتی طور پر درست ری سائیکلنگ سے متعلق ہانگ کانگ انٹرنیشنل کنونشن کی توثیق کرنے والے 23ویں ملک کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment