غیر قانونی پانی کنکشنز کے خلاف کارروائی، درجنوں کنکشن منقطع، چار افراد گرفتار

نصیرآباد: کچھی پلین واٹر سپلائی اسکیم فیز ٹو کی مین پائپ لائن کو نقصان پہنچا کر غیر قانونی آبپاشی اور کاشتکاری کے خلاف محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے پولیس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے درجنوں غیر قانونی واٹر کنکشن منقطع اور چار افراد کو گرفتار کرلیا۔

محکمہ کے مطابق رات کی تاریکی میں ایکسیویٹر کے ذریعے 18 انچ قطر کی مین پائپ لائن کو نقصان پہنچا کر غیر قانونی کنکشنز کے ذریعے آبادی اور زرعی زمینوں کے لیے پانی حاصل کیا جا رہا تھا۔

کارروائی کے دوران تین، دو اور ایک انچ قطر کے غیر قانونی کنکشنز منقطع کرکے سیل کر دیے گئے، جبکہ ڈیزل انجن، ڈی واٹرنگ موٹر اور دیگر مشینری بھی تحویل میں لے لی گئی۔

ایگزیکٹو انجینئر کچھی پلین واٹر سپلائی اسکیم ذاکر حسین جمالی نے کہا کہ پائپ لائن کو بار بار نقصان پہنچنے سے بڑے پیمانے پر پانی ضائع ہونے کے ساتھ نوتال، لانڈھی، بختیار آباد، بھاگ اور دیگر علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہو رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اسکیم کے ذریعے نصیرآباد، سبی اور کچھی کے مختلف علاقوں کو پانی فراہم کیا جا رہا ہے، اس لیے پانی کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا کرنے والے غیر قانونی اقدامات کے خلاف قانونی کارروائی جاری رہے گی۔

Comments (0)
Add Comment