گوادر، 20 اگست: بلوچی زبان، فن اور ثقافت کے فروغ کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والے معروف بلوچی فنکار سرفراز احمد کو ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے ان کی فنی و ادبی خدمات کے اعتراف میں خصوصی اعزاز سے نوازا۔
سرفراز احمد نے طویل عرصے سے بلوچی زبان اور ثقافتی ورثے کے فروغ کے لیے خدمات انجام دیں اور متعدد بلوچی فلموں میں مختلف یادگار کردار ادا کیے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے کہا کہ زبان کسی بھی قوم کی تاریخ، تہذیب، روایات اور اجتماعی شناخت کی عکاس ہوتی ہے۔ فنکاروں، ادیبوں اور اہل قلم کی خدمات ثقافتی ورثے کا قیمتی سرمایہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد کی خدمات کا اعتراف نئی نسل کے فنکاروں کے لیے مثبت پیغام ہے۔ ضلعی انتظامیہ مقامی فنون، بلوچی زبان اور ثقافتی ورثے کے فروغ کے لیے مثبت سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔
سرفراز احمد نے اعزاز پر ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فنکار کی حوصلہ افزائی اس کے فن کو مزید آگے بڑھانے کا جذبہ پیدا کرتی ہے۔ انہوں نے بلوچی زبان و ثقافت کے لیے اپنی فنی خدمات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا