بلوچستان میں انسدادِ دہشت گردی کے لیے 18 قوانین، 14 ارب روپے مختص

کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ ضیا لانگو نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کو مضبوط بنانا اور مؤثر قانون سازی ناگزیر ہے۔ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے لیے سیکیورٹی اداروں کو درکار وسائل فراہم کر رہی ہے۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ ضیا لانگو، وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات شاہد رند اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حمزہ شفقات نے صوبے میں امن و امان کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات کی تفصیلات بیان کیں۔

حمزہ شفقات نے بتایا کہ گزشتہ دو برس کے دوران بلوچستان حکومت نے دہشت گردی کے خلاف 18 نئے قوانین منظور کرائے اور 17 نئے محکمے قائم کیے۔ نیشنل ایکشن پلان اور انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات پر بھی کام جاری ہے، جبکہ صوبے میں فیس لیس عدالتیں قائم کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اقدامات پر 14 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ سیف سٹی منصوبے، فرانزک ایجنسی، کوئٹہ سیکیورٹی بورڈ اور جدید کیمروں کی تنصیب سمیت مختلف منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق صوبے میں مختلف نوعیت کے 60 ہزار سے زائد آپریشنز بھی کیے گئے ہیں۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے 11 لاکھ سے زائد مہاجرین کو ان کے وطن واپس بھیجا ہے۔ شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں اور کوئٹہ کراچی اور کوئٹہ تفتان شاہراہوں کو آئندہ تین سے چار ماہ میں محفوظ بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ضیا لانگو نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ملک کا ایک بڑا مسئلہ ہے اور اس کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی اداروں کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے بیان کی مذمت بھی کی۔

شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان میں انسدادِ دہشت گردی سے متعلق قوانین کی منظوری صوبائی کابینہ کے ساتھ صوبائی اسمبلی سے بھی لی گئی اور وزیراعلیٰ نے قانون سازی کے عمل میں اپوزیشن کو اعتماد میں لیا۔

انہوں نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے اسلام آباد کی طرف مارچ کی کوششیں بھی اس صورت حال کی وجوہات میں شامل ہیں۔ ان کے مطابق بلوچستان میں وزیراعلیٰ کی جانب سے اس نوعیت کے مارچ کی بات نہیں کی گئی۔

پریس کانفرنس میں صوبائی وزیر داخلہ نے مینا مجید کے بھائی کے مبینہ اغوا سے متعلق سامنے آنے والی خبروں کا بھی ذکر کیا۔

Comments (0)
Add Comment