اسلام آباد: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں امراض قلب کے علاج کے لیے جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیز تکمیل کے مراحل میں ہے، جبکہ شیخ زید ہسپتال کوئٹہ بھی امراض قلب کے علاج کے لیے مؤثر خدمات فراہم کر رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے یہ بات بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکاء اور صوبے کے عمائدین کی وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کے دوران سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم کی جانب سے بلوچستان سے متعلق سوالات کے جواب کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان کو خصوصی طور پر موقع دیا گیا۔
میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ کوئٹہ میں امراض قلب کے ہسپتال کے قیام کا اعلان کئی سال قبل کیا گیا تھا، تاہم منصوبے پر عملی پیش رفت نہ ہوسکی۔ بعد ازاں حکومت بلوچستان نے شیخ زید ہسپتال کوئٹہ اور بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیز سمیت دو اہم ادارے قائم کیے۔ انہوں نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ کے فعال ہونے سے صوبے کے عوام کو امراض قلب کے علاج کی جدید سہولیات اپنے صوبے میں میسر آئیں گی۔
وزیراعلیٰ نے بلوچستان میں زرعی شعبے کی شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبے کو بھی اہم کامیابی قرار دیا اور کہا کہ اس سے زمینداروں کو بجلی کے بحران سے ریلیف ملا ہے، جبکہ بجلی کے اخراجات میں کمی اور قومی وسائل کی بچت بھی ممکن ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مؤثر تعاون سے بلوچستان میں صحت، زراعت، توانائی اور دیگر بنیادی شعبوں میں عوامی فلاح کے منصوبوں کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔