تربت میں کوسٹل ہائی وے حادثے میں جاں بحق ایک ہی خاندان کے 7 افراد کی نمازِ جنازہ ادا

تربت: کوسٹل ہائی وے کے بُزی ٹاپ کے مقام پر گزشتہ روز پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ایک ہی خاندان کے سات افراد کی نمازِ جنازہ تربت کے چاھسر گُشتنگ قبرستان میں ادا کردی گئی، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
حادثے میں ایک خاندان کے والد، والدہ اور ان کے پانچ بچے جاں بحق ہوئے تھے۔ خاندان کے افراد کرائے کی گاڑی کے ذریعے سفر کر رہے تھے، جبکہ حادثے میں گاڑی کا ڈرائیور بھی جاں بحق ہوگیا۔
نمازِ جنازہ کے بعد تمام جاں بحق افراد کو چاھسر گُشتنگ قبرستان میں سپردِ خاک کردیا گیا۔ نمازِ جنازہ میں شہریوں، عزیز و اقارب اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا برقرار ہے، جبکہ اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب غم سے نڈھال ہیں۔

Comments (0)
Add Comment