قلعہ عبداللہ میں تعلیمی اداروں کی کارکردگی اور حاضری کا جائزہ

قلعہ عبداللہ میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اجلاس ڈپٹی کمشنر منور حسین مگسی کی زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں کی مجموعی صورتحال، تدریسی عمل، اساتذہ و طلبہ کی حاضری اور تعلیمی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انجینئر نجم الدین، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر احمد خان، ڈی او ای سید محمد امین آغا، ڈپٹی ایجوکیشن افسران اور محکمہ تعلیم کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں مختلف تعلیمی اداروں کی کارکردگی، اساتذہ و طلبہ کی حاضری، تدریسی سرگرمیوں اور اداروں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا جبکہ تعلیمی معیار بہتر بنانے، مؤثر نگرانی اور طلبہ کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے تجاویز پر غور کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر منور حسین مگسی نے کہا کہ تعلیم معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کی بنیادی بنیاد ہے، اس لیے تعلیمی اداروں میں معیاری تدریس، سازگار ماحول اور طلبہ کو ضروری سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے۔

انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران کو تعلیمی اداروں کی نگرانی مزید مؤثر بنانے، اساتذہ و طلبہ کی حاضری یقینی بنانے اور اداروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ضلع قلعہ عبداللہ میں تعلیم کے فروغ اور سرکاری تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے محکمہ تعلیم کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

Comments (0)
Add Comment