قلعہ عبداللہ میں حکومت بلوچستان کی جانب سے 19 نومبر 2025 کو قبرستان چوکی پر مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس سب اسسٹنٹ انسپکٹر (اے ایس آئی) سعداللہ خان عرف ڈاکٹر کے اہل خانہ کو شہداء پیکیج کے تحت ایک کروڑ 22 لاکھ روپے کا امدادی چیک حوالے کر دیا گیا۔
چیک شہید اے ایس آئی سعداللہ خان کے بیٹے جہانگیر خان کو ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ منور حسین مگسی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خلیل احمد بگٹی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انجینئر نجم الدین کبزئی کی موجودگی میں دیا گیا۔
اس موقع پر سیاسی و قبائلی عمائدین، ضلعی انتظامیہ، پولیس حکام اور شہید کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر منور حسین مگسی نے کہا کہ ملک، قوم اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہید سعداللہ خان نے فرائض کی ادائیگی کے دوران عوام کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنی جان قربان کی۔
مقررین نے کہا کہ پولیس فورس کے اہلکار امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ شہید کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود اور مسائل کے حل کے لیے حکومت اور متعلقہ ادارے اپنا کردار جاری رکھیں گے۔
شہید کے اہل خانہ نے امدادی پیکیج کی فراہمی پر حکومت بلوچستان، ضلعی انتظامیہ، پولیس حکام اور متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا۔