ڈیرہ بگٹی: ڈپٹی کمشنر جنوبی ڈیرہ بگٹی زوہیب الحق نے تحصیل سوئی کے گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول کلی فیض موندرانی کا اچانک دورہ کیا اور اسکول میں صفائی کی ناقص صورتحال پر انتظامیہ پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
دورے کے موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جنوبی ڈیرہ بگٹی اور انچارج آر ٹی ایس ایم ڈیرہ بگٹی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے اسکول کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور انتظامیہ کو صفائی کا نظام فوری طور پر بہتر بنانے اور روزانہ کی بنیاد پر صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
معائنے کے دوران انکشاف ہوا کہ اسکول کے واش رومز پر مقامی افراد کا قبضہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے قبضہ کرنے والے افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔
زوہیب الحق نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے وژن کے تحت جنوبی ڈیرہ بگٹی کے تمام سرکاری اسکولوں کی سخت نگرانی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی اسکول میں استاد غیر حاضر پایا گیا تو تنخواہ میں کٹوتی کے ساتھ قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔