زیارت میں انسدادِ پولیو مہم کا جائزہ، پانچ سال سے کم عمر بچوں کی ویکسینیشن یقینی بنانے کی ہدایت

زیارت، 22 ستمبر: ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقدوس اچکزئی کی زیر صدارت چار روزہ انسدادِ پولیو مہم کے دوسرے روز مانیٹرنگ افسران، زونل سپروائزرز اور یونین کونسل انچارجز کا ایوننگ ریویو اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں مہم کی مجموعی کارکردگی، فیلڈ میں پیش رفت، ٹیموں کی کارکردگی اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد رفیق مستوئی، ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی ممتاز رند، تحصیلدار زیارت نور احمد پانیزئی اور تمام یونین کونسل انچارجز نے شرکت کی۔

یونین کونسل انچارجز نے اپنے علاقوں میں مہم کی صورتحال اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی پیش رفت سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا اور فیلڈ میں درپیش مسائل کی نشاندہی کی۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ پانچ سال سے کم عمر کوئی بچہ پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہنے پائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور ٹیموں کو گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلانے اور رہ جانے والے بچوں کی بروقت نشاندہی کرکے ان کی ویکسینیشن یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے مانیٹرنگ افسران کو فیلڈ ٹیموں کی مؤثر نگرانی جاری رکھنے، روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کا جائزہ لینے اور درپیش مسائل فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی تاکہ مہم کے مقررہ اہداف حاصل کیے جاسکیں۔

Comments (0)
Add Comment