قلات سبزی منڈی کی ترقیاتی اسکیموں پر کام تیز کرنے اور تاجروں کے مسائل حل کرنے کی ہدایت

قلات: ڈپٹی کمشنر قلات انجینئر عائشہ زہری کی زیرِ صدارت سبزی منڈی کے ترقیاتی منصوبوں اور سبزی و فروٹ فروشوں کو درپیش مسائل کے فوری حل کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں منظور شدہ ترقیاتی اسکیموں پر پیش رفت، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور تاجروں کو الاٹ کردہ دکانوں اور شیڈز میں منتقل کرنے کے امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بی ایس ڈی آئی کے تحت سبزی منڈی میں منظور شدہ ترقیاتی اسکیموں، پانی کی فراہمی کے لیے بور کی تنصیب، ٹف ٹائلنگ اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر تعمیراتی کاموں کے معیار اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سبزی و فروٹ فروشوں کو ان کے الاٹ کردہ دکانوں اور شیڈز میں منتقل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ منڈی کے نظام کو منظم بنایا جا سکے اور تاجروں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو۔

اس مقصد کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی، جو ایک ہفتے کے اندر سروے مکمل کرکے اپنی تجاویز پیش کرے گی، تاکہ رپورٹ کی روشنی میں باقی ماندہ دکانوں کو بھی فعال کیا جا سکے۔

چیئرمین میونسپل کمیٹی نوابزادہ شعیب جان زہری نے کہا کہ سبزی منڈی میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ پانی کی فراہمی، ٹف ٹائلنگ اور اسٹریٹ لائٹس سمیت تمام منظور شدہ اسکیموں پر کام تیز کیا جائے اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر انجینئر عائشہ زہری نے میونسپل افسران پر زور دیا کہ سبزی و فروٹ فروشوں کے مسائل فوری اور مؤثر انداز میں حل کیے جائیں اور انہیں ان کے مختص کردہ دکانوں اور شیڈز میں منتقل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ سبزی منڈی میں بہتر انتظامات، صفائی ستھرائی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے تاجروں کو سہولت ملے گی اور شہریوں کو بھی اشیائے خوردونوش کی خریداری میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرکے سبزی منڈی کو ایک منظم، صاف ستھرا اور فعال تجارتی مرکز بنایا جائے۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہنواز بلوچ، چیئرمین میونسپل کمیٹی نوابزادہ شعیب جان زہری، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سعید احمد ساسولی، ایس ڈی او پبلک ہیلتھ ہدایت اللہ بلوچ، تحصیلدار حاجی عبدالغفار لہڑی اور سبزی و فروٹ فروشوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

Comments (0)
Add Comment