چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرِ صدارت اجلاس میں محکمہ پاپولیشن ویلفیئر اور کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی دو سالہ کارکردگی رپورٹس کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں محکموں میں اصلاحات، شفافیت اور ڈیجیٹل نظام کے فروغ پر زور دیا گیا۔ متعلقہ محکموں نے گزشتہ دو سال کے دوران کارکردگی، منصوبہ بندی، بجٹ کے استعمال اور عوامی خدمات کی فراہمی سے متعلق بریفنگ دی۔
چیف سیکریٹری نے ہدایت کی کہ عوام کو بہتر اور بروقت خدمات کی فراہمی کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اختیار کیے جائیں، ڈیٹا بیس کو مربوط بنایا جائے اور شفافیت کے لیے آن لائن نگرانی کا نظام متعارف کرایا جائے۔
اجلاس میں کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی مالی خودمختاری اور آمدنی میں اضافے کے طریقوں پر بھی غور کیا گیا۔ چیف سیکریٹری نے موجودہ آمدنی کے ذرائع کا جائزہ لینے، پراپرٹی ٹیکس، یوٹیلیٹی فیس، مارکیٹنگ اور پارکنگ کے نظام کو بہتر بنانے اور واجبات کی وصولی مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔