زیارت اور موسیٰ خیل میں انسدادِ پولیو مہم کی نگرانی، ہر بچے تک رسائی یقینی بنانے کی ہدایت

زیارت اور موسیٰ خیل میں جاری چار روزہ انسدادِ پولیو مہم کے تیسرے روز متعلقہ افسران نے فیلڈ سرگرمیوں اور ویکسی نیشن کوریج کا جائزہ لیا۔

زیارت میں ڈپٹی کمشنر عبدالقدوس اچکزئی کی زیرِ صدارت ایوننگ ریویو اجلاس میں مانیٹرنگ افسران، زونل سپروائزرز اور یونین کونسل انچارجز نے مہم کی پیش رفت، فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی اور بچوں کی کوریج سے متعلق بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ رہ جانے والے بچوں تک رسائی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور مہم کے اہداف مکمل کیے جائیں۔

سنجاوی میں اسسٹنٹ کمشنر شیر شاہ غلزئی کی زیرِ صدارت اجلاس میں بھی مہم کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پانچ سال سے کم عمر کوئی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطروں سے محروم نہ رہے اور رہ جانے والے بچوں کی فوری نشاندہی کرکے انہیں قطرے پلائے جائیں۔

موسیٰ خیل میں ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خجک کی زیرِ صدارت اجلاس میں تیسرے روز کی کارکردگی، فیلڈ ٹیموں کی پیش رفت اور درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے ہر بچے تک پولیو کے قطرے پہنچانے کا ہدف مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے والدین سے پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون کی اپیل کی۔

Comments (0)
Add Comment