بلوچستان میں دو سال سے پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہ ہونا اہم پیش رفت ہے: وزیر صحت

کوئٹہ، 23 اکتوبر 2026ء صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں گزشتہ دو سال کے دوران پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہ ہونا اور ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی عدم موجودگی اہم پیش رفت ہے، تاہم اس کامیابی کو برقرار رکھنے کے لیے مسلسل نگرانی، مؤثر حفاظتی اقدامات اور عوامی تعاون ناگزیر ہے۔

عالمی یومِ انسدادِ پولیو کے موقع پر کوئٹہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی سربراہی میں محکمہ صحت میں اصلاحات، حفاظتی ٹیکہ جات کے نظام میں بہتری اور پولیو کے خاتمے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

تقریب میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، صوبائی سیکریٹری صحت مجیب الرحمن پانیزئی، ڈائریکٹر جنرل صحت ڈاکٹر امین اللہ مندوخیل، ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوآرڈینیٹر انعام الحق، ای پی آئی کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر آفتاب کاکڑ اور عالمی اداروں کے نمائندوں سمیت پولیو ورکرز، صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود حکومت بیماریوں سے بچاؤ، انسانی وسائل کے مؤثر استعمال اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی پر توجہ دے رہی ہے۔ کوئٹہ کے ٹراما سینٹر کی بہتری اور صوبے کے تمام اضلاع میں طبی مراکز کو ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔

انہوں نے پولیو ورکرز، سیکیورٹی فورسز، علمائے کرام، صحافیوں اور ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی ٹیم کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ نامساعد حالات کے باوجود پولیو کے خلاف جدوجہد جاری رکھنا پوری قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے پولیو کے خلاف پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے برقرار رکھنے کے لیے مسلسل مہمات، مؤثر نگرانی اور عوامی تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ ہر مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔

سیکریٹری صحت مجیب الرحمن پانیزئی نے کہا کہ ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی عدم موجودگی مثبت پیش رفت ہے، تاہم خطرہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا۔ انہوں نے وائرس کی مسلسل نگرانی، بچوں میں غذائی قلت کے مسئلے سے نمٹنے اور حفاظتی ٹیکہ جات کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

تقریب میں پولیو مہمات کے دوران جانیں قربان کرنے والے کارکنوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جبکہ نمایاں خدمات انجام دینے والے پولیو ورکرز، علمائے کرام، صحافیوں اور قبائلی عمائدین میں تعریفی شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔

Comments (0)
Add Comment