جعفرآباد میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا معائنہ، طبی سہولیات بہتر بنانے کی ہدایت

جعفرآباد، 23 اکتوبر 2026ء: ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دھیرج کالرہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ کرکے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، علاج معالجے کے انتظامات اور مختلف شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی اور ادویات کی دستیابی، طبی عملے کے رویے اور علاج معالجے کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔

انہوں نے ہسپتال کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور ہمدردی سے پیش آیا جائے اور فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے ضروری ادویات کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور طبی سہولیات کی دستیابی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے نگرانی جاری رکھے گی۔

Comments (0)
Add Comment