بلوچستان میں پولیو ورکرز کی خدمات کا اعتراف، جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراجِ عقیدت

کوئٹہ، 24 اکتوبر: حکومت بلوچستان نے انسدادِ پولیو مہم میں خدمات انجام دینے والے فرنٹ لائن ورکرز کی بے لوث خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اس سلسلے میں ’’ہمارے ہیروز، ہمارا فخر‘‘ کے عنوان سے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں اراکینِ پارلیمنٹ، سول سوسائٹی کے نمائندوں، علمائے کرام اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور متعلقہ حکام نے پولیو ورکرز کی کاوشوں کو سراہا، جبکہ قومی انسدادِ پولیو مہم میں نمایاں خدمات انجام دینے والے ورکرز میں تعریفی ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر انسدادِ پولیو مہم کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فرنٹ لائن ورکرز اور سکیورٹی اہلکاروں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

حکام کے مطابق بلوچستان میں گزشتہ دو سال کے دوران پولیو کا کوئی مثبت کیس رپورٹ نہیں ہوا، جبکہ ماحولیاتی نمونوں کی صورتحال میں بہتری بھی انسدادِ پولیو پروگرام کی اہم پیش رفت ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایات پر صحت کے شعبے میں بہتری اور انسدادِ پولیو کی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔ حکومت بلوچستان، محکمہ صحت اور ایمرجنسی آپریشنز سینٹر سمیت متعلقہ ادارے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ ہر انسدادِ پولیو مہم میں فرنٹ لائن ورکرز کا کردار قابلِ قدر ہے اور بچوں کو اس بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے ان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ پانچ سال سے کم عمر اپنے تمام بچوں کو ہر مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔

حکام نے کہا کہ پولیو فری بلوچستان کے ہدف کے حصول کے لیے مؤثر ویکسینیشن، عوامی اعتماد اور معاشرے کے تمام طبقات کا بھرپور تعاون ناگزیر ہے۔

Comments (0)
Add Comment