شمالی ڈیرہ بگٹی میں نئے سرکاری دفاتر کا افتتاح، ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت

شمالی ڈیرہ بگٹی، 24 اکتوبر: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع شمالی ڈیرہ بگٹی میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کرکے پیش رفت کا جائزہ لیا اور نو تعمیر شدہ سرکاری دفاتر کا افتتاح کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، انتظامی امور میں بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نئے ضلع میں سرکاری دفاتر کا قیام عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ سرکاری افسران عوامی خدمت کو اپنا فرض سمجھیں، دفاتر میں اوپن ڈور پالیسی اپنائیں اور مقررہ وقت پر اپنی حاضری یقینی بنائیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے سرکاری دفاتر میں غیر ضروری انتظار اور مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ افسران کی کارکردگی کا اصل معیار عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور ان کے مسائل کا بروقت حل ہے، جبکہ سرکاری مشینری کو عوامی ریلیف کے لیے متحرک اور جواب دہ ہونا چاہیے۔

دورے کے دوران میر سرفراز بگٹی نے پانی کے ذخائر اور ڈیموں کی تعمیر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ڈیموں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں میں اعلیٰ معیار، شفافیت اور مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ یہ منصوبے دیرپا اور عوام کے لیے حقیقی معنوں میں مفید ثابت ہوں۔ ناقص تعمیراتی کام کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہوگا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوامی وسائل کا درست استعمال اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی سرگرمیوں کی نگرانی مزید مؤثر بنائی جائے اور ہر فیصلے میں عوامی مفاد کو مقدم رکھا جائے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شمالی ڈیرہ بگٹی سمیت بلوچستان کے تمام علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، سرکاری اداروں کو فعال بنانے اور ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔

Comments (0)
Add Comment