بیلہ میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبے، عملی پیش رفت صفر ہونے پر سوالات

لسبیلہ کے مختلف علاقوں میں کروڑوں روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں پر عملی پیش رفت نہ ہونے کے معاملے نے عوامی سطح پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ دستیاب تفصیلات کے مطابق لسبیلہ کے لیے مجموعی طور پر 270.875 ملین روپے کے ترقیاتی منصوبے مختص کیے گئے، تاہم متعدد اسکیموں میں اوسط عملی پیش رفت صفر فیصد بتائی گئی ہے۔

لکھڑا اوراکی، بڈھ گوٹھ بیلہ، اسد گوٹھ کتھور، کنواری، محمد خان گوٹھ، محمد حسن گوٹھ، کماچہ، خالدہ گوٹھ اور ریک گوٹھ سمیت مختلف علاقوں کے لیے منظور شدہ ترقیاتی اسکیموں پر کام کی رفتار سے متعلق شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے خطیر رقوم مختص ہونے کے باوجود اگر عملی کام شروع نہیں ہوا تو اس کی وجوہات عوام کے سامنے لائی جانی چاہئیں۔

مقامی حلقوں نے متعلقہ حکام اور سینیٹر محمد قاسم سے مطالبہ کیا ہے کہ منصوبوں کی موجودہ صورتحال، مختص فنڈز، اخراجات، ٹینڈرز اور کام شروع نہ ہونے کی وجوہات سے متعلق واضح تفصیلات عوام کے سامنے پیش کی جائیں۔

عوام کا کہنا ہے کہ ترقیاتی بجٹ کا مقصد بنیادی سہولیات کی فراہمی اور پسماندہ علاقوں کی ترقی ہے، اس لیے منصوبوں میں تاخیر یا عدم پیش رفت کا شفاف جائزہ ضروری ہے۔

Comments (0)
Add Comment