ڈپٹی کمشنر کچھی کی کھلی کچہری، عوام نے مسائل کے انبار لگا دیے

ڈھاڈر: ڈپٹی کمشنر کچھی ممتاز کھیتران نے کہا ہے کہ ضلع کچھی کے تمام علاقوں کو یکساں اہمیت حاصل ہے اور کھلی کچہری میں عوام کی جانب سے نشاندہی کیے گئے مسائل کے فوری حل کے لیے تمام محکموں اور اداروں کے باہمی تعاون کو یقینی بنایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس کے سبزہ زار میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کھلی کچہری میں بلدیاتی نمائندوں، سیاسی و سماجی شخصیات، کاروباری افراد، ہندو پنچایت کے نمائندوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر مختلف سرکاری محکموں کے افسران بھی موجود تھے، جن میں کرنل ندیم، ڈی ایس پی ڈھاڈر شیر احمد، اے ڈی لوکل گورنمنٹ قاضی سکندر حیات، ڈسٹرکٹ آفیسر تعلیم محمد انور لاشاری، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت عطا اللہ ملوک، ڈپٹی ڈائریکٹر جنگلات سرور پرکانی، ڈی ایچ او کچھی ڈاکٹر ایاز قریشی، ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈھاڈر زاہد سرکی، نادرا انچارج عابد خلجی، تحصیلدار محمد بقا پہوڑ، ایس ڈی او واپڈا، ایکسیئن پی ایچ ای اور ایکسیئن آبپاشی سکندر زہری سمیت دیگر افسران اور نمائندے شامل تھے۔
کھلی کچہری کے دوران شہریوں اور دیہی علاقوں کے مکینوں نے امن و امان، صحت، تعلیم، گیس، بجلی، پانی، نکاسی آب، بنیادی حقوق اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق مسائل تفصیل سے بیان کیے، جن پر متعلقہ حکام نے جوابات اور اقدامات سے آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر ممتاز کھیتران نے کہا کہ گزشتہ کھلی کچہری میں نشاندہی کیے گئے بیشتر مسائل حل کیے جاچکے ہیں جبکہ بعض پر کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر تمام محکموں اور اداروں کے باہمی تعاون سے عوامی مسائل کا مکمل جائزہ لے کر انہیں حل کی طرف لے جایا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

Comments (0)
Add Comment