کمک پروگرام کے تحت 97 معذور افراد میں ٹرائی سائیکلوں کی تقسیم، جامع بلوچستان کی جانب اہم قدم

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے وژن اور خصوصی ہدایات، جبکہ پارلیمانی سیکرٹری برائے سماجی بہبود حاجی ولی محمد نورزئی کی رہنمائی میں محکمہ سماجی بہبود بلوچستان کی جانب سے معذور افراد کی فلاح و بہبود، شمولیت اور بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔

اسی سلسلے میں ’’کمک پروگرام‘‘ کے تحت 97 معذور افراد میں ٹرائی سائیکلوں کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔ اس اقدام کا مقصد نقل و حرکت کی سہولت فراہم کرنا، خودمختاری کو فروغ دینا اور معذور افراد کی معاشرتی و معاشی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کو یقینی بنانا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل سماجی بہبود بلوچستان میر سیف اللہ کھیتران نے کہا کہ صوبائی حکومت معذور افراد کو عملی معاونت اور مساوی مواقع فراہم کرکے انہیں معاشرے کا فعال اور باوقار حصہ بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرائی سائیکلوں کی تقسیم سے مستحق افراد کو نقل و حرکت میں درپیش مشکلات کم کرنے میں مدد ملے گی۔ تقسیم کے عمل کی شفاف نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ یہ سہولت اہل اور مستحق افراد تک پہنچ سکے۔

میر سیف اللہ کھیتران نے کہا کہ حکومت معذور افراد کی رسائی، تعلیم، بحالی اور معاشی و سماجی مواقع میں بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھے گی، تاکہ بلوچستان میں ایک ایسا جامع معاشرہ تشکیل دیا جا سکے جہاں تمام افراد کو عزت اور مساوی مواقع حاصل ہوں۔

Comments (0)
Add Comment