وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر عبد الکبیر خان زرکون نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ کراچی کا دورہ کیا اور وزیراعلیٰ بلوچستان یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام کے تحت زیرِ تربیت نوجوانوں کے لیے انتظامات کا جائزہ لیا۔
پروگرام کے تحت بلوچستان کے ایک ہزار ہونہار نوجوانوں کو کراچی کے ادارے کیو ٹیک کے ذریعے جدید آئی ٹی اور تکنیکی شعبوں میں تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق تربیت مکمل ہونے کے بعد ان نوجوانوں کو معروف سافٹ ویئر ہاؤسز میں روزگار فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ معاشی طور پر خود کفیل ہو سکیں اور صوبے کی ترقی میں کردار ادا کریں۔
عبدالکبیر زرکون اور وفد کے ارکان نے تربیتی مراکز، رہائشی سہولیات اور کلاس رومز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے زیرِ تربیت نوجوانوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل دریافت کیے اور موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ان کے فوری حل کی ہدایات دیں۔
ایم ڈی بی ٹیوٹا نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں ہنرمند و خود کفیل بنانا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی دیگر آئی ٹی کمپنیوں اور صنعتی اداروں کے ساتھ شراکت داری کے امکانات بھی تلاش کیے جا رہے ہیں تاکہ بلوچستان کے مزید سینکڑوں نوجوانوں کے لیے مختلف شعبوں میں معیاری تربیت کے مواقع پیدا کیے جا سکیں اور انہیں ملکی و بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تیار کیا جا سکے۔
وفد میں ڈائریکٹر غلام مصطفیٰ رئیسانی، ڈائریکٹر سربلند خان اور دیگر افسران شامل تھے