حب الیکشن کمیشن کمپلیکس بلوچستان کی خوبصورت اور ماڈل عمارت ہے، شاہ محمد جتوئی

حب، 31 اگست: ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد جتوئی نے کہا ہے کہ حب میں قائم کیا جانے والا ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کمپلیکس بلوچستان میں الیکشن کمیشن کی خوبصورت اور ماڈل عمارت ہے، جس کے قیام سے شہریوں کو انتخابی خدمات اور متعلقہ سہولیات کی فراہمی میں آسانی ہوگی۔

وہ حب میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں الیکشن کمشنر بلوچستان علی اصغر سیال، کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء، انتظامی و پولیس افسران، وکلا، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور علاقائی عمائدین نے شرکت کی۔

شاہ محمد جتوئی نے کہا کہ بلوچستان میں انتخابی اداروں کی سہولیات بہتر بنانے کے لیے مختلف اضلاع میں منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان کی کوششوں سے گوادر، حب، مستونگ اور جعفرآباد میں چار منصوبوں کی منظوری ہوئی، جبکہ صوبے کے دیگر 16 اضلاع میں بھی الیکشن کمیشن کے دفاتر قائم کیے جاچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں بھرتیوں کے دوران میرٹ کو بنیادی اہمیت دی گئی ہے اور خواتین کو بھی ملازمتوں میں ترجیح دی گئی ہے۔ انہوں نے تقریب میں شرکت پر وکلا، سول سوسائٹی اور علاقائی عمائدین کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ایکسین انجینئر ملک مسعود نے بتایا کہ کمپلیکس کی تعمیر پر اب تک 243.515 ملین روپے خرچ ہوچکے ہیں، جبکہ منصوبے کی مجموعی تخمینہ لاگت 267.995 ملین روپے ہے۔ بجلی، پانی اور دیگر ضروری سہولیات کی تکمیل کے لیے مزید 24 ملین روپے درکار ہیں۔

کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء نے کہا کہ عوامی اداروں میں جدید سہولیات کی فراہمی بہتر طرز حکمرانی کی علامت ہے اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے منظور شدہ فنڈز شفاف انداز میں استعمال ہونے چاہئیں۔

Comments (0)
Add Comment