متحدہ عرب امارات نے ایران کے ساتھ تمام تجارتی و کاروباری اور مالی معاملات معطل کر دیے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہےکہ ایران سے تمام تجارت، کمرشل تبادلے اور اقتصادی ٹرانزکشنز روک دی گئی ہیں۔
یو اے ای وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر کیا گیا ہے، جو علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کو نقصان پہنچا رہی ہے۔
قبل ازیں متحدہ عرب امارات نے ایران پر دو بیلسٹک میزائل داغنے کا الزام عائد کردیا۔ متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع کے مطابق ان میں سے کوئی بھی میزائل اماراتی سرزمین پر نہیں گرا۔
بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے ملک کی طرف داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کا سراغ لگایا۔ پہلا میزائل امارات کی علاقائی حدود کے باہر گرا جبکہ دوسرا میزائل علاقائی پانیوں میں جا گرا۔ ایران کی جانب سے اس پر کوئی تبصرہ نہیں۔