Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

اسلام آباد پولیس کی 2026 میں نمایاں کامیابیاں، جرائم میں 27 فیصد کمی کا دعویٰ

اسلام آباد: اسلام آباد پولیس نے سال 2026 کے دوران شہریوں کے تحفظ، جرائم کی روک تھام اور جدید پولیسنگ کے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی قیادت میں شہریوں کے تحفظ اور جدید پولیسنگ کے لیے متعدد اصلاحات اور نئے اقدامات کو عملی جامہ پہنایا گیا۔

پولیس کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سال 2026 کے دوران جرائم برخلاف مال میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 27 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ رواں سال رپورٹ ہونے والے قتل کے تمام مقدمات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کا دعویٰ بھی کیا گیا۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق گروپ کیپٹن عاصم طارق، ایچ نائن ٹرپل مرڈر اور تاجر عامر اعوان سمیت متعدد اہم قتل کے مقدمات حل کیے گئے، جبکہ الفلاح بینک ڈکیتی سمیت دیگر اہم مقدمات بھی پیشہ ورانہ تفتیش کے ذریعے حل کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق جرائم کے خلاف کارروائیوں کے دوران 14 ہزار 645 سے زائد مقدمات درج کیے گئے۔ 887 سے زائد عدالتی مفرور، ایک ہزار 595 عادی مجرمان اور 944 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

’’نشہ، اب نہیں‘‘ مہم کے تحت ایک ہزار 144 منشیات فروشوں کی گرفتاری جبکہ خصوصی ’’نو ٹو ویپن‘‘ مہم کے دوران غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے ایک ہزار 592 ملزمان کی گرفتاری کا دعویٰ کیا گیا۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق شہری دوست پولیسنگ کے فروغ کے لیے خصوصی اقدام پولیس اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کی گئی، جبکہ شہریوں کو فوری خدمات اور موقع پر مقدمات کے اندراج کے لیے پولیس اسٹیشن آن ویلز کا آغاز کیا گیا۔

سی ٹی ڈی، انسداد ہنگامہ آرائی یونٹ اور دیگر خصوصی یونٹس کو جدید وسائل سے لیس کیا گیا، جبکہ سیف سٹی اور سی ٹی ڈی میں کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز کے قیام سے نگرانی اور فوری ردعمل کی صلاحیت بہتر بنائی گئی۔

اعلیٰ خطرات سے نمٹنے کے لیے خصوصی سوات اور ڈیلٹا فورسز کو فعال کیا گیا، جبکہ مارگلہ ٹریل پر شہریوں اور سیاحوں کے تحفظ کے لیے گھڑ سوار، پیدل اور موٹر سائیکل گشت کے یونٹس قائم کیے گئے۔

خواتین کے تحفظ کے لیے آن لائن ویمن پولیس اسٹیشن، شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے آئی جی پی کمپلینٹ سیل اور ہیلپ لائن 1715 کو فعال کیا گیا۔

پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے تحت مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام، سائبر سکیورٹی اور ورچوئل پٹرولنگ جیسے منصوبوں کا بھی آغاز کیا۔

ترجمان کے مطابق جدید پولیسنگ، ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال، جرائم کی روک تھام اور عوامی خدمت کے ذریعے اسلام آباد پولیس کو مزید مؤثر اور عوام دوست ادارہ بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More