وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے زکوٰۃ، عشر، سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و خواتین کو بااختیار بنانے ملک لیاقت علی خان نے ضلع خیبر کے دورے کے دوران جمرود جرگہ ہال میں کھلی کچہری منعقد کرکے خصوصی افراد، یتیم بچوں، بیواؤں اور دیگر مستحق طبقات کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع خیبر میں 272 خصوصی افراد کو 30،30 ہزار روپے فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ امید کارڈ کے تحت مستحق خصوصی افراد کو ماہانہ 5 ہزار روپے مالی معاونت دی جائے گی۔ 247 یتیم بچوں اور 414 بیواؤں کو بھی ماہانہ 5،5 ہزار روپے امداد فراہم کی جارہی ہے، جبکہ مستحق طلبہ و طالبات کو زکوٰۃ وظائف دیے گئے ہیں۔
ملک لیاقت علی خان نے ضلع خیبر میں خصوصی تعلیم و سماجی بہبود مرکز کے قیام اور باجوڑ سمیت دیگر اضلاع میں سہولیات کی توسیع کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد اور محروم طبقات کو ہنر سکھا کر خودکفیل بنانا حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔
انہوں نے جمرود میں بچوں کے تحفظ کے مرکز کا دورہ بھی کیا اور بچوں کو تشدد، استحصال اور غفلت سے محفوظ رکھنے کے لیے اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔