مستونگ: کانک کے علاقے کلی حاجی خیر بخش رخشانی میں قائم پولیس چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے چیک پوسٹ پر اچانک فائرنگ کی۔ پولیس اہلکاروں اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، تاہم مسلح افراد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس نے فرار ہونے والے مسلح افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائی تیز کردی ہے۔