قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان گلگت کے ڈپٹی ڈائریکٹر نذیر علی سے ملاقات کی، جس میں آئندہ گلگت بلتستان ایکسپو 2026 کی تیاریوں اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
’’گلگت بلتستان: پوشیدہ خزانوں کی سرزمین‘‘ کے عنوان سے ہونے والی ایکسپو 23 سے 25 اکتوبر 2026 تک منعقد ہوگی۔ ملاقات میں ایکسپو کے مقام، انتظامی و لاجسٹک امور اور کامیاب انعقاد کے لیے ٹی ڈی اے پی اور قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے درمیان ممکنہ تعاون کا جائزہ لیا گیا۔
ایکسپو کا مقصد گلگت بلتستان کی معاشی، تجارتی اور سیاحتی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور مقامی کاروباری افراد، سرمایہ کاروں اور دیگر متعلقہ فریقوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
تقریب کے ذریعے طلبہ کو کاروبار کے نئے تصورات، کاروباری مواقع اور ابھرتی ہوئی منڈیوں کے امکانات سے آگاہی حاصل کرنے کا موقع بھی ملے گا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق نے گلگت بلتستان ایکسپو 2026 کے کامیاب انعقاد کے لیے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کی جانب سے مکمل تعاون اور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔