اسلام آباد، 22 ستمبر 2026: پیپلز مجلس مالدیپ کے اسپیکر عبد الرحیم عبداللہ کی سربراہی میں مالدیپ کے پارلیمانی وفد نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا، جہاں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
مالدیپ کے پارلیمانی وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی روابط اور دونوں ممالک کے قانون ساز اداروں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ اپنے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالدیپ کے پارلیمانی وفد کا دورہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنے میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاک۔مالدیپ پارلیمانی دوستی گروپ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان رابطوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں نوجوان پارلیمانی فورمز، پائیدار ترقیاتی اہداف سیکرٹریٹ، خواتین پارلیمانی کاکس اور بچوں کے حقوق کے کاکس کے فعال کردار کا بھی ذکر کیا۔
مالدیپ کا پارلیمانی وفد اسپیکر قومی اسمبلی کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔ مالدیپ کے اسپیکر عبد الرحیم عبداللہ نے وفد کے پرتپاک استقبال پر سردار ایاز صادق کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مالدیپ پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
مالدیپ کے اسپیکر نے کیپ ٹاؤن میں دولت مشترکہ کانفرنس کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے تعاون پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا اور مالدیپ کے لیے ان کے خیرسگالی کے جذبات کو سراہا۔
ملاقات میں پاک۔مالدیپ پارلیمانی دوستی گروپ کی کنوینر شائستہ خان، ارکان قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار، دانیال چوہدری، اسفندیار بھنڈارہ اور آسیہ ناز تنولی سمیت دیگر خواتین ارکان قومی اسمبلی نے شرکت کی۔