Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

مانگی ڈیم حملہ: تحقیقاتی کمیشن کی سماعت، سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کا نوٹس

مانگی ڈیم پمپنگ اسٹیشن، ضلع زیارت میں پیش آنے والے دہشت گردی کے حملے کی تحقیقات کے لیے قائم تحقیقاتی کمیشن نے جسٹس محمد عامر نواز رانا کی سربراہی میں 22 ستمبر کو کھلی عدالت میں سماعت کی، جس کے دوران گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے۔

تحقیقاتی کمیشن نے دہشت گردی کے حملوں اور امن و امان سے متعلق ناخوشگوار واقعات کے بارے میں مختلف سوشل میڈیا صفحات پر جھوٹی، من گھڑت اور سنسنی خیز خبریں پھیلائے جانے پر تشویش کا اظہار کیا۔ کمیشن کے مطابق ایسی خبریں عوام میں خوف و ہراس اور مایوسی کا باعث بن رہی ہیں۔

کمیشن نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے کوئٹہ سرکل کے ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوں اور سوشل میڈیا پر ایسی مہمات کی روک تھام کے لیے اب تک کیے گئے اقدامات پر مشتمل تحریری رپورٹ بھی پیش کریں۔

شہداء کے لواحقین کو معاوضے کی ادائیگی کے معاملے پر کمیشن کے استفسار پر لواحقین کے نمائندہ وکلاء نے بتایا کہ گزشتہ سماعت میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو شہداء کے لواحقین کے نمائندوں اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان کے درمیان ملاقات کا انتظام کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم اس سلسلے میں تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس (لیگل)، سی پی او کوئٹہ نے کمیشن کو بتایا کہ شہداء کے قانونی ورثاء کے حق میں جانشینی سرٹیفکیٹس کے حصول کے عمل میں بعض نقائص اور کمیوں کے باعث معاوضے کی ادائیگی کا عمل مکمل نہیں ہو سکا۔ انہوں نے تجویز دی کہ قانونی ورثاء مزید کارروائی کے لیے ضروری سرٹیفکیٹس پولیس ڈیپارٹمنٹ کو فراہم کریں۔

کمیشن نے اے آئی جی پولیس (لیگل)، سی پی او کوئٹہ کو ہدایت کی کہ شہداء کے سوگوار خاندانوں کو درپیش رکاوٹوں اور مشکلات کے ازالے کے لیے خصوصی دربار کا انعقاد کیا جائے۔

کمیشن نے رجسٹرار/سیکرٹری کو بھی ہدایت کی کہ شہداء کے قانونی ورثاء کے نمائندوں، اے آئی جی پولیس (لیگل)، سی پی او کوئٹہ اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان کے درمیان مؤثر رابطہ کاری یقینی بنائی جائے تاکہ معاوضے کے پیکیج کی ادائیگی کے معاملے میں پیش رفت ہو سکے۔

دریں اثناء 19 ستمبر 2026 کے حکم کی تعمیل میں ڈائریکٹوریٹ جنرل برائے دینی تعلیم، وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے ریجنل آفس کوئٹہ کے انچارج افسر بھی کمیشن کے روبرو پیش ہوئے۔ انہوں نے مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق جامع رپورٹ جمع کرانے کے لیے مزید مہلت طلب کی، جس پر کمیشن نے انہیں رپورٹ پیش کرنے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دے دی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More