Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

گوہرآباد میں غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کارروائی کا حکم

صوبائی وزیر تعلیم گلگت بلتستان امان علی عامر نے گوہرآباد کے تعلیمی اداروں کے دورے کے دوران غیر حاضر اساتذہ کے خلاف فوری محکمانہ کارروائی کا حکم دے دیا۔

ڈائریکٹر تعلیم دیامر و استور ڈویژن جانزیب اور ڈپٹی ڈائریکٹر تعلیم دیامر رحیم اللہ کے ہمراہ صوبائی وزیر نے گرلز مڈل اسکول دڑن اور بوائز ہائی اسکول گوہرآباد کا معائنہ کیا۔ انہوں نے تدریسی عمل، اساتذہ و طلبہ کی حاضری اور تعلیمی سہولیات کا جائزہ لیا جبکہ گرلز اسکول میں طالبات سے مختلف مضامین کے بارے میں سوالات کرکے ان کی تعلیمی استعداد بھی جانچی۔

امان علی عامر نے گرلز مڈل اسکول گوہرآباد میں تعینات غیر حاضر اساتذہ کو اپنی ڈیوٹی پر حاضر ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے ڈائریکٹر تعلیم کو انہیں وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرنے اور ضابطے کے مطابق محکمانہ کارروائی کی ہدایت کی۔

انہوں نے بوائز ہائی اسکول گوہرآباد میں اعلیٰ ثانوی جماعتوں کے فوری آغاز کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مقامی طلبہ کو مزید تعلیم کے لیے دور دراز علاقوں کا رخ نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے زیر تعمیر عمارت، سائنس تجربہ گاہ، کمپیوٹر مرکز اور کتب خانے کا بھی جائزہ لیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ تعلیمی اداروں میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ جائز مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل یقینی بنایا جائے گا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More