پشاور، 13 اکتوبر: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس کی تنخواہوں میں اضافے اور شہداء کے ورثاء کی فلاح و بہبود کے لیے مجوزہ اقدامات پر مشتمل سمری جلد تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
گورنر ہاؤس پشاور میں فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیر داخلہ کفایت اللہ خان، چیف سیکرٹری ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان، انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ امجد علی خان اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں آئی جی پولیس نے اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق بریفنگ دی، جس پر گورنر نے تجاویز پر مشتمل سمری جلد از جلد تیار کرکے بھجوانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں پولیس شہداء کے ورثاء کے لیے فلاحی پیکیج اور زخمیوں و شہداء کے لیے 2025 کے پیکیج میں اضافے کی تجاویز بھی زیر غور آئیں۔ شہداء کے ورثاء کو پلاٹ کے بجائے نقد مالی معاونت فراہم کرنے، شہداء کی بیٹیوں کی شادی کے اخراجات میں مدد دینے اور ان کے بچوں کی تعلیم کے لیے انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کی تجاویز پیش کی گئیں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے آئی جی پولیس کی جانب سے پیش کردہ تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے متعلقہ سمری جلد تیار کرکے بھجوانے کی ہدایت کی۔