پشاور: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے پشاور کے علاقے دیر کالونی میں اسکول کی چھت گرنے کے المناک واقعے میں معصوم بچوں کی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ اس دل خراش خبر نے پوری قوم کو غم زدہ کر دیا ہے۔ معصوم بچوں کی بڑی تعداد میں ہلاکتیں ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہیں۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اور پوری قوم اس غم کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم بچوں کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے والدین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے مطالبہ کیا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے بچوں کو فوری طور پر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کی جانوں کو لاحق خطرات کم کیے جا سکیں۔
انہوں نے واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ معلوم کیا جائے کہ اسکول کی عمارت کی خستہ حالی کا بروقت نوٹس کیوں نہیں لیا گیا اور اگر غفلت ہوئی ہے تو اس کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پشاور سمیت ملک بھر میں پرانے اور خستہ حال اسکولوں کی عمارتوں کا فوری حفاظتی معائنہ کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے دردناک واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔