اسلام آباد، 22 اکتوبر: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پارٹی کے اندرونی معاملات پر ردعمل دینے سے پہلے خبروں کی تصدیق اور احتیاط ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی سیکرٹری جنرل کی ٹویٹ کی بنیاد بننے والی خبر کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، جبکہ خیبر پختونخوا کے اراکین اسمبلی نے گزشتہ دو سال کے دوران پارٹی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا اور بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے رہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے اراکین اسمبلی نے پارٹی کے جلسوں، ریلیوں اور مارچز میں بھرپور شرکت کی اور قائدانہ کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ ہیں اور اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایات کے بغیر کوئی اہم فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے واضح کیا کہ جنید اکبر بدستور پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر رہیں گے۔ ان کی عدم موجودگی میں سینئر نائب صدر نور الحق قادری اجلاسوں کی صدارت کریں گے، جبکہ صوبائی جنرل سیکرٹری علی اظہر خان دیگر تنظیمی امور کی نگرانی کریں گے۔ جنید اکبر کی واپسی تک صوبائی تنظیم یا کابینہ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جائے گا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انہوں نے صوبائی تنظیم اور پارٹی رہنماؤں سے بات کی ہے، جو موجودہ انتظام برقرار رکھنے کے حامی ہیں۔ ان کے مطابق پارٹی میں کوئی باضابطہ گروپ یا بلاک موجود نہیں اور اہم فیصلوں کا اختیار بانی پی ٹی آئی کے پاس ہے۔ انہوں نے پارٹی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ اندرونی معاملات پر فوری ردعمل دینے اور انہیں عوامی سطح پر زیر بحث لانے سے گریز کریں تاکہ جماعت کی توجہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی پر مرکوز رہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں اکثریت کی رائے کا احترام، اختلافی مؤقف کو برداشت کرنا اور دوسروں کی بات تحمل سے سننا ضروری ہے۔ جمہوری عمل اسی وقت مؤثر رہ سکتا ہے جب اختلافات کو باہمی مشاورت سے حل کیا جائے۔
شمیم نقوی کے استعفے سے متعلق سوال پر بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ انہیں تقریباً پانچ روز قبل استعفیٰ موصول ہوا تھا، تاہم انہوں نے اسے قبول کرنے کے بجائے واپس کرتے ہوئے شمیم نقوی کو اپنی ذمہ داریاں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شمیم نقوی کی عمران خان کے ساتھ تقریباً تین دہائیوں پر محیط رفاقت ہے اور ان کی رائے کا احترام کیا جاتا ہے۔
گورنر ہاؤس سے پارٹی کارکنوں اور کیمرہ مینوں کی گرفتاریوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت کو کسی سیاسی جماعت کو توڑنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔
دہشت گردی کے معاملے پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ پورے ملک کے لیے ایک سنجیدہ مسئلہ ہے اور ایسا کوئی قدم نہیں اٹھایا جانا چاہیے جس سے دہشت گردی کے خلاف جاری کوششیں متاثر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات قومی اہمیت رکھتے ہیں اور اس معاملے میں تمام متعلقہ فریقوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔