اسلام آباد، 24 اکتوبر: اسلام آباد ٹریفک پولیس نے صبح اور شام کے اوقات، بالخصوص دفاتر سے چھٹی کے وقت، کشمیر ہائی وے، کلب روڈ اور ایکسپریس ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے امکان کے پیش نظر شہریوں کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق کشمیر چوک انڈر پاس کی تعمیر کے باعث بھی ٹریفک کی روانی سست رہنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفری مشکلات سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کرنے اور اپنی منزل پر بروقت پہنچنے کے لیے سفر میں کم از کم 20 سے 25 منٹ اضافی رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک افسران مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی رہنمائی کے لیے موجود ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کریں اور دورانِ سفر صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔
تازہ ٹریفک اپ ڈیٹس اور رہنمائی کے لیے شہری آئی ٹی پی ایف ایم 92.4 سننے اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کا سرکاری واٹس ایپ چینل فالو کرنے سے بھی مستفید ہو سکتے ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے کہا کہ شہریوں کا محفوظ اور آسان سفر اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔