کوئٹہ، 24 اکتوبر: وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے ورلڈ ڈویلپمنٹ انفارمیشن ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ترقیاتی امور سے متعلق درست اور مستند معلومات تک عوام کی رسائی ان کا بنیادی حق ہے، جبکہ باخبر عوام شفاف حکمرانی، مؤثر منصوبہ بندی اور پائیدار ترقی کی بنیاد ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے مقاصد، پیش رفت اور فوائد سے عوام کو آگاہ کرنا حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔ معلومات تک رسائی اور عوامی آگاہی سے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، جوابدہی اور نگرانی کے عمل کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔
شاہد رند نے کہا کہ ڈیجیٹل خواندگی اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی شعور کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ درست اعداد و شمار اور مستند معلومات ترقیاتی وسائل کی منصفانہ تقسیم اور عوامی فلاح کے منصوبوں کے ثمرات مستحق افراد تک پہنچانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترقی کے ثمرات معاشرے کے تمام طبقات، بالخصوص پسماندہ اور دور دراز علاقوں کے عوام تک پہنچانا ضروری ہے۔ محکمہ اطلاعات عوام اور حکومت کے درمیان رابطے اور حکومتی اقدامات سے آگاہی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور نے کہا کہ عوام کو آسان، قابلِ فہم اور مستند معلومات کی فراہمی، شفافیت، جوابدہی اور عوامی شرکت پر مبنی ترقیاتی عمل کو مضبوط بناتی ہے، جو پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔