اسلام آباد، 27 اکتوبر: نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقریبات، آگاہی پروگرامز اور واکس کا انعقاد کرکے کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
اس دن کی مناسبت سے موٹروے پولیس کے تمام زونز، سیکٹرز اور دفاتر میں خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں، جن کا مقصد 27 اکتوبر 1947 کے تاریخی واقعات، مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جاری جدوجہد کو اجاگر کرنا تھا۔
اس موقع پر ملک بھر کی موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر واقع ٹول پلازوں، انٹرچینجز اور اہم مقامات پر خصوصی بینرز اور پوسٹرز آویزاں کیے گئے، جبکہ عوامی آگاہی کے لیے معلوماتی مواد بھی تقسیم کیا گیا۔ تقریبات کے دوران کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے درجات کی بلندی، نیز کشمیری عوام کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
یومِ سیاہ کشمیر کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے موٹروے پولیس کے ایف ایم 95 ریڈیو پر خصوصی نشریات بھی پیش کی گئیں، جن میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کے انٹرویوز نشر کیے گئے۔ ان پروگرامز میں مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر، کشمیری عوام کی جدوجہد اور انسانی حقوق کی صورتحال پر روشنی ڈالی گئی۔
مزید برآں، موٹروے پولیس کی جانب سے مختلف اسکولوں اور کالجوں میں آگاہی پروگرامز منعقد کیے گئے، جن کے ذریعے طلبہ اور طالبات کو یومِ سیاہ کشمیر کی تاریخی اہمیت، کشمیری عوام کی قربانیوں اور ان کے حقِ خودارادیت سے آگاہ کیا گیا۔
کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے مختلف مقامات پر خصوصی واکس کا بھی اہتمام کیا گیا، جن میں موٹروے پولیس کے افسران، اہلکاروں اور شہریوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کیا۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔