\\ خپلو، 28 اکتوبر:\\ ڈپٹی کمشنر گانچھے ولی اللہ فلاحی نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خپلو کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور علاج معالجے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے محدود سہولیات کے باوجود خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی کارکردگی کو سراہا اور ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داری اور جذبۂ خدمت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کو درپیش مسائل، بالخصوص ماہر ڈاکٹروں کی کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع گانچھے کی وسیع آبادی کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے صرف ایک سرجن اور ایک ماہرِ امراضِ نسواں کی موجودگی کافی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر متعلقہ شعبوں میں ماہر ڈاکٹروں کی تعداد بڑھانا ناگزیر ہے۔
ولی اللہ فلاحی نے یقین دہانی کرائی کہ ہسپتال کے مسائل اور ماہر ڈاکٹروں کی کمی کا معاملہ اعلیٰ حکام کے سامنے اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مزید سرجنز اور ماہرینِ امراضِ نسواں کی تعیناتی کے سلسلے میں کوششیں کرنے کا عزم ظاہر کیا