نصیرآباد (2 نومبر): ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی زیرِ صدارت انسدادِ پولیو مہم کے پہلے روز کی کارکردگی، درپیش مسائل اور ان کے فوری حل کے حوالے سے شام کے وقت جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں محکمہ صحت کے افسران، پولیو پروگرام کے ذمہ داران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر مہم کی مجموعی پیش رفت، فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی، بچوں تک رسائی میں حائل رکاوٹوں، مائیکرو پلان پر عملدرآمد اور ویکسینیشن کی شرح کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے ہدایت کی کہ مہم کی کامیابی کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ہر بچے تک رسائی یقینی بنانا ضروری ہے اور اس قومی مہم میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ فیلڈ ٹیموں کو درپیش مسائل فوری حل کیے جائیں، رہ جانے والے بچوں تک دوبارہ رسائی حاصل کی جائے اور والدین میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ کوئی بچہ حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہے۔
ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت باہمی تعاون سے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مہم کو کامیاب بنائیں گے اور آئندہ نسلوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھیں گے۔