کوئٹہ (2 نومبر): ہزارہ ٹاؤن پولیس نے معمول کی اسنیپ چیکنگ کے دوران کارروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے چار کلو گرام چرس برآمد کرلی۔
ایس ایچ او تھانہ ہزارہ ٹاؤن تنویر احمد باجوہ نے بتایا کہ منشیات کے خلاف کارروائیاں ایس ایس پی آپریشنز ضیاء مندوخیل کی نگرانی اور ڈی ایس پی/ایس ڈی پی او سریاب سرکل کی زیرِ نگرانی جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم کی شناخت جانزیب ولد محمد قاسم، قوم نورزئی، سکنہ پشتون آباد کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے برآمد شدہ منشیات اپنی تحویل میں لے کر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
ایس ایچ او کے مطابق ملزم کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے متعلقہ تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے۔
تنویر احمد باجوہ نے کہا کہ علاقے سے منشیات کے دھندے کے خاتمے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں اور امن و امان کے قیام کے لیے پولیس کی بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔