گوادر، یکم اکتوبر: کمشنر مکران ڈاکٹر طفیل احمد نے گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان سے ملاقات کی اور اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ اجلاس میں گوادر اور پسنی میں پانی کی فراہمی، اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبے سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں، نکاسی آب کے نظام اور اراضی و ریونیو سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ، چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ شاہد علی، پروجیکٹ ڈائریکٹر واٹر میر جان بلوچ، پروجیکٹ ڈائریکٹر اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبہ میردودا خان مری اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
کمشنر مکران کو جی ڈی اے کے جاری اور مکمل شدہ ترقیاتی منصوبوں، بالخصوص اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبے کے تحت شہری بنیادی سہولیات کی بہتری کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ منصوبے میں شہر کی تقریباً 25 کلومیٹر طویل شاہراہوں کے علاوہ گلیوں اور اندرونی سڑکوں کی تعمیر، توسیع اور پختگی کے کام شامل ہیں۔ ملا فاضل چوک، سڑکوں اور گلیوں میں ٹف ٹائلز کی تنصیب، بازاروں، تعلیمی اداروں، قبرستانوں، قدیم ثقافتی ورثے اور عیدگاہ کی تعمیر، توسیع و بحالی کے مختلف کام بھی مکمل کیے جا چکے ہیں۔
اجلاس میں پانی کی فراہمی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے چیف انجینئر جی ڈی اے نے بتایا کہ گوادر شہر کو اس وقت یومیہ تقریباً 35 سے 40 لاکھ گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سوڈ ڈیم، جو پانی کے بنیادی ذرائع میں شامل ہے، خشک ہونے کے قریب ہے جبکہ متبادل انتظام کے طور پر شادی کور ڈیم سے بھی پانی حاصل کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں دستیاب آبی ذخائر، بارشوں کی غیر یقینی صورتحال اور مستقبل میں ممکنہ پانی کی قلت سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ کمشنر مکران نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ پانی کی دستیابی اور طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے شہریوں کو پانی کی فراہمی برقرار رکھنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں۔
پسنی میں پانی کی فراہمی کے حوالے سے کمشنر نے جی ڈی اے اور متعلقہ اداروں کے درمیان پانی کی ترسیل سے متعلق لائن اور انتظامی امور کے مسائل و ابہام دور کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، ضلعی و تحصیل انتظامیہ اور جی ڈی اے پر مشتمل مشترکہ ٹاسک فورس کے فعال کردار کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ پانی کی فراہمی کا نظام مزید مربوط اور مؤثر بنایا جا سکے۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مسلسل رابطے کے ذریعے پانی کی ترسیل سے متعلق مسائل حل کریں گے۔ جی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان اراضی، ریونیو، زمینوں کی منتقلی اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے درکار اراضی کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر اتفاق کیا گیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں حائل اراضی سے متعلق مسائل کو سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کی رہنما ہدایات، باہمی مشاورت اور قانونی تقاضوں کے مطابق حل کیا جائے گا۔
کمشنر مکران نے اس امر پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے مؤثر منصوبہ بندی، عملدرآمد، نگرانی اور ادارہ جاتی تعاون کا سلسلہ مسلسل جاری رہنا چاہیے۔