Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

جامعہ مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کی طالبات نے ڈی این اے ٹیسٹنگ کا کم لاگت طریقہ تیار کر کے دس لاکھ روپے جیت لیے

لاہور، 12 اکتوبر: جامعہ مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) لاہور کی دو طالبات فاطمہ اظہر اور اریحہ اکبر نے پنجاب حکومت کے زیر اہتمام یوتھ انوویشن مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ طالبات نے ڈی این اے ٹیسٹنگ کو کم خرچ اور معیاری بنانے کا جدید طریقہ پیش کیا، جس پر انہیں دس لاکھ روپے کا نقد انعام دیا گیا۔

مقابلے میں پنجاب کی 51 جامعات کے 154 جدید تحقیقی منصوبے پیش کیے گئے۔ یو ایم ٹی کے شعبہ لائف سائنسز سے تعلق رکھنے والی طالبات کا تیار کردہ طریقہ ڈی این اے ٹیسٹ کی لاگت کم کرنے اور معیار بہتر بنانے میں مدد دے سکتا ہے، جس سے یہ سہولت زیادہ لوگوں تک پہنچانے اور متعلقہ شعبوں میں تحقیق کو فروغ دینے کے امکانات پیدا ہوں گے۔

طالبات نے صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت اجلاس میں اپنا تحقیقی منصوبہ پیش کیا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ منصوبے کو سرکاری سطح پر آگے بڑھایا جائے گا۔ طالبات کو مزید تحقیق، ترقی اور عملی نفاذ کے لیے پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی سے منسلک کیا جائے گا۔

یو ایم ٹی کے صدر ابراہیم حسن مراد نے طالبات کو کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پہلی پوزیشن حاصل کرنا جامعہ کے لیے باعثِ فخر ہے اور یہ طالبات کی محنت، تحقیقی صلاحیتوں اور جدت پسندی کا اعتراف ہے۔

انہوں نے کم لاگت میں معیاری ڈی این اے ٹیسٹنگ کا طریقہ تیار کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو تحقیق اور جدت کے ذریعے بروئے کار لا کر قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔

ابراہیم حسن مراد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یو ایم ٹی طلبہ و طالبات کی تحقیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور ایسے اختراعی منصوبوں کی سرپرستی جاری رکھے گی جو تعلیمی تحقیق سے آگے بڑھ کر معاشرے کے لیے عملی فوائد فراہم کر سکیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More