Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

گورنر راج اور ایمرجنسی پختون قوم کے ساتھ زیادتی ہے، ایمل ولی خان

عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر ایمل ولی خان نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال نے پختون قوم کو غیر یقینی کیفیت سے دوچار کر دیا ہے اور صوبے کے عوام یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ان کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے خیبر پختونخوا کے بنیادی حقوق سے متعلق سوالات اٹھائے اور کہا کہ صوبے کی صورتحال پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے بقول چہرے تبدیل ہوئے ہیں، لیکن نظام اب بھی وہی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان اور پارٹی کارکنوں کے ساتھ دھوکا کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد مارچ کے حوالے سے ابتدا ہی سے شکوک و شبہات موجود تھے اور ان کے خیال میں ایسے حالات پیدا کیے گئے جن سے گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کی راہ ہموار ہوئی۔

ایمل ولی خان نے عمران خان کے نام پر مبینہ طور پر جمع کیے گئے اربوں روپے کے معاملے پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے ذمہ دار افراد کو جواب دینا چاہیے۔

ضلع خیبر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ زمینی حقائق سامنے لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اہم فیصلے بند کمروں میں کرنے کے بجائے عوام کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے، کیونکہ ان کے بقول ایسے فیصلے کامیاب نہیں ہوتے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More