Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

جنوبی ایشیا میں علاقائی تعاون کی بحالی ناگزیر، آئی ایس ایس آئی سیمینار میں زور

اسلام آباد: انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد کے زیر اہتمام بین الاقوامی سیمینار میں جنوبی ایشیا کے ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مشترکہ مفادات، علاقائی چیلنجز اور اجتماعی ترقی کے لیے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر عملی تعاون کو فروغ دیں۔

15 اکتوبر کو منعقدہ سیمینار بعنوان ’’جنوبی ایشیا میں علاقائیت کا ازسرنو تصور‘‘ میں مقررین نے کہا کہ دنیا کے اس گنجان آباد اور تزویراتی لحاظ سے اہم خطے کو غربت، موسمیاتی تبدیلی، پانی کی قلت، نقل مکانی، تجارتی رکاوٹوں اور صحت عامہ جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

سیمینار میں کہا گیا کہ جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون کی تنظیم (سارک) عملی مشکلات کے باوجود علاقائی تعاون کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔ اس کی بحالی کے لیے تمام رکن ممالک کو خودمختار اور برابر حیثیت دینا اور ادارہ جاتی طریقہ کار کو موجودہ تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے۔

مقررین نے تجویز دی کہ سیاسی اختلافات کو عملی تعاون کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے اور علاقائی ممالک کو عوامی فلاح، اقتصادی ترقی، بحری تعاون اور ٹیکنالوجی سمیت مشترکہ ترجیحات پر توجہ دینی چاہیے۔ سارک کی بحالی کے ساتھ محدود ممالک پر مشتمل علاقائی تعاون کے دیگر انتظامات اور چین کی شمولیت کے امکانات پر بھی غور کرنے کی تجویز دی گئی۔

پاکستان کے سابق وزیر خارجہ سفیر جلیل عباس جیلانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ دیگر مقررین میں چین میں پاکستان کے سابق سفیر سفیر مسعود خالد، پاکستان میں بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر فضلِ لوہانی بابو، سری لنکا کے ساؤتھ ایشیا سسٹین ایبلٹی اینڈ سیکیورٹی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر منیشا واناسنگھے پاسکول، آئی ایس ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل سفیر معین الحق اور چیئرمین بورڈ آف گورنرز سفیر خالد محمود شامل تھے۔

سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ علاقائی تعاون کی کامیابی کے لیے سیاسی عزم، باہمی اعتماد اور تمام ممالک کو خودمختار برابر حیثیت دینا ضروری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جنوبی ایشیا کے دو ارب سے زائد عوام کے وسیع تر مفاد میں خطے کی قیادت دانشمندانہ طرزِ عمل اختیار کرے گی۔

سیمینار کا اختتام سوال و جواب کی نشست پر ہوا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More