کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء نے صنعتی زون میں قائم ورکرز ویلفیئر اسکول کا دورہ کیا، جہاں طلبہ اور اساتذہ نے صنعتی آلودگی کے باعث تدریسی سرگرمیاں متاثر ہونے کی شکایت کی۔
کمشنر نے ماحولیاتی صورتِ حال کا جائزہ لینے کے بعد محکمۂ تحفظِ ماحولیات کے افسران کو طلب کیا اور قوانین پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی۔ ان کے احکامات پر اسسٹنٹ کمشنر حب مہیم خان گچکی، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات طارق اور ماحولیاتی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے قوانین کی خلاف ورزی پر 6 صنعتی یونٹس سیل کر دیے۔
سائرہ عطاء نے کہا کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ دار صنعتی یونٹس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی ہوگی۔ انہوں نے معائنہ ٹیموں کو فرائض میں غفلت سے بھی خبردار کیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات نے بریفنگ میں بتایا کہ ماحولیاتی تحفظ کے علاقائی دفتر کی جانب سے 72 مقدمات ماحولیاتی ٹریبونل میں زیرِ سماعت ہیں، جبکہ قوانین پر عمل درآمد کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔