Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

بلوچستان میں سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر میں شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت

لسبیلہ: کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء نے کہا ہے کہ 2022 کے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے گھروں کی بحالی کے منصوبے میں شفافیت اور مالی نظم و ضبط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور منصوبے میں کسی بھی سطح پر کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے لیڈا کانفرنس ہال میں نیشنل رورل سپورٹ پروگرام (این آر ایس پی) کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان کی گڈ گورننس اور عوامی فلاح سے متعلق پالیسی کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی ضروری ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے 18,815 سیلاب متاثرہ خاندانوں کی مستند فہرستیں فراہم کی گئی ہیں، جبکہ پہلے مرحلے میں 6,200 گھروں کی تعمیر کی منظوری دی گئی۔ لسبیلہ میں اب تک 3,300 سنگل روم مکانات تعمیر کیے جا چکے ہیں، جبکہ آواران میں منظور شدہ 527 گھروں میں سے 300 تعمیر ہو چکے ہیں۔

این آر ایس پی کی جانب سے لسبیلہ میں 2,225 کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشنز کے اشتراک سے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ 22 یونین کونسلوں میں 21 ویمن ریسورس سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ 6,730 کم آمدن والے خاندانوں کو مویشیوں کی فراہمی کے لیے مالی معاونت بھی دی گئی ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ 1,100 خواتین کو ہنرمند بنانے کے لیے اسکل ڈویلپمنٹ تربیت فراہم کی گئی، جبکہ 534 کمیونٹی واٹر سپلائی اسکیموں کی سولرائزیشن اور 22 یونین کونسلوں میں 211 ویلیج ڈویلپمنٹ منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More