پشاور: ٹرائبل ایریاز الیکٹرک سپلائی کمپنی (ٹیسکو) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے مالی سال 2026-27 کے لیے 2 ارب 57 کروڑ روپے کے ترقیاتی بجٹ اور 2 ارب 84 کروڑ 30 لاکھ روپے کے آپریشنل بجٹ کی منظوری دے دی۔ بورڈ نے ٹیسکو کے بجلی کی تقسیم کے نظام کو مصنوعی ذہانت اور جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔
اجلاس کی صدارت بورڈ کے چیئرمین انجینئر محمد نعیم نے کی۔ اجلاس میں ٹیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طاہر جمال سمیت بورڈ کے ارکان نے شرکت کی۔ بورڈ نے انتظامی ڈھانچے کو مزید مستحکم بنانے کے لیے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور دیگر سینئر انتظامی عہدوں پر تقرریوں کی بھی منظوری دی۔
یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی مردان کے وائس چانسلر ڈاکٹر گل محمد خان نے بجلی کے تقسیم کار نظام کو جدید اور ٹیکنالوجی پر مبنی بنانے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، اسمارٹ میٹرنگ، ٹرانسفارمر نگرانی، خودکار خرابی کی نشاندہی اور ریموٹ سوئچنگ کے ذریعے بجلی کے نقصانات میں کمی اور لوڈ مینجمنٹ کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
خصوصی کمیٹی مجوزہ ٹیکنالوجیز کا ٹیسکو کی ضروریات اور تکنیکی استعداد کی روشنی میں جائزہ لے کر آئندہ بورڈ اجلاس میں سفارشات پیش کرے گی۔