حب: بچوں کو تشدد، ہراسگی، استحصال اور جبری مشقت سے محفوظ رکھنے کے لیے ضلعی چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی کا اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر حب کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا، جس میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بچوں سے زیادتی یا ہراسگی کے واقعات فوری طور پر قریبی طبی مرکز میں رپورٹ کیے جائیں گے، جبکہ سول ہسپتال حب، محکمہ صحت، پی پی ایچ آئی اور محکمہ سماجی بہبود باہمی رابطے سے متاثرہ بچوں کو فوری طبی اور نفسیاتی معاونت فراہم کریں گے۔
پولیس کو ہدایت کی گئی کہ قابلِ دست اندازی جرائم میں فوری مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی کی جائے۔ متاثرہ خاندان کی جانب سے قانونی کارروائی نہ کرنے کی صورت میں ریاست پولیس کے ذریعے مدعی بن کر مقدمے کی پیروی کرے گی۔
اجلاس میں ضلع حب میں علیحدہ چائلڈ پروٹیکشن سینٹر نہ ہونے کے باعث سول ہسپتال حب کو عارضی طور پر چائلڈ پروٹیکشن سپورٹ سینٹر کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ محکمہ محنت کو چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے ورکشاپس، گیراجوں، ہوٹلوں، کیفے، دکانوں اور دیگر کاروباری مراکز کی نگرانی کی ہدایت بھی کی گئی۔
تعلیمی اداروں میں جسمانی سزا پر مکمل پابندی پر عملدرآمد، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی اور بچوں کے تحفظ سے متعلق ضلع بھر میں جامع آگاہی مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
حب میں بچوں کے تحفظ کے لیے اہم فیصلے، سول ہسپتال کو عارضی چائلڈ پروٹیکشن سپورٹ سینٹر بنانے کا فیصلہ
You might also like