Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

خانِ اعظم خان عبدالقیوم خان کی 45ویں برسی، ملک و قوم کے لیے خدمات کو خراجِ عقیدت

اسلام آباد، 22 اکتوبر: پاکستان مسلم لیگ (قیوم) کے زیر اہتمام سابق صدر مسلم لیگ، قائداعظم محمد علی جناح کے ساتھی اور سابق وزیراعلیٰ سرحد خانِ اعظم خان عبدالقیوم خان کی 45ویں برسی ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ اس سلسلے میں اسلام آباد میں مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جبکہ پشاور میں ان کے مزار پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

پشاور میں مسلم لیگ (قیوم) کے وفد نے مرکزی نائب صدر امجد حسین مغل کی سربراہی میں خان عبدالقیوم خان کے مزار پر حاضری دی۔ مرکزی تقریب میں پارٹی کے سربراہ سید ثقلین عباس بخاری نے عہدیداروں کے ہمراہ فاتحہ خوانی کی اور مرحوم رہنما کی قومی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید ثقلین عباس بخاری نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (قیوم) خان عبدالقیوم خان اور سید فقیر حسین بخاری کے مشن کو آگے بڑھا رہی ہے اور قائداعظم محمد علی جناح کے نظریات کے مطابق کام کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے خان عبدالقیوم خان کی خدمات کو فراموش نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ خان عبدالقیوم خان نے قیام پاکستان اور قومی سیاست میں اہم کردار ادا کیا۔ خصوصاً 20 جولائی 1947 کو صوبہ سرحد، موجودہ خیبر پختونخوا، میں ہونے والے ریفرنڈم کے حوالے سے ان کی سیاسی جدوجہد پاکستان کی تاریخ کا اہم باب ہے۔

پارٹی کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) اسد محمود نے کہا کہ خانِ اعظم نے پاکستان کی تکمیل میں جو کردار ادا کیا، اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے ذاتی مفادات پر قومی اور اجتماعی مفادات کو ترجیح دینا ضروری ہے۔

مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات فیصل انور نے کہا کہ خان عبدالقیوم خان کی قیادت میں مسلم لیگ (قیوم) نے 1970 کے انتخابات میں شیر کے انتخابی نشان پر حصہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ خان عبدالقیوم خان 16 جولائی 1901 کو پیدا ہوئے، صوبہ سرحد کے پہلے وزیراعلیٰ اور وفاقی وزیر داخلہ سمیت اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں اور 22 اکتوبر 1981 کو وفات پائی۔ ان کا مزار پشاور میں ہے۔

مقررین نے خان عبدالقیوم خان کو تحریک پاکستان کا اہم رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کشمیر کے معاملے پر بھی سیاسی اور تنظیمی کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق 1947 میں کشمیر کی آزادی کی تحریک کے دوران مجاہدین کو منظم کرنے اور مظفرآباد و گلگت بلتستان میں پاکستان کا پرچم لہرانے کی جدوجہد میں ان کا کردار نمایاں تھا۔

تقریب کے اختتام پر خان عبدالقیوم خان، 22 اکتوبر 1947 کے شہداء اور افواج پاکستان کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تقریب میں مرکزی نائب صدر امجد حسین مغل، حسنین عباس، زاہد پرویز، انتصار، احسان قریشی، شفیق ملک، ایڈووکیٹ زاہد عباس، عرفان مغل، شفاقت، یوسف گجر، سمانہ بتول، مریم طاہرہ، ایڈووکیٹ عاقل محمد، اشتیاق کمبوہ، راجہ سرفراز، فضل معبود خان، ارسلان خان، امداد خان، مزمل خان، عمر خان، ابصار امبانی، امین خان، کیڈٹ اسامہ، شاہد، حماد اور دیگر پارٹی رہنماؤں و کارکنوں نے شرکت کی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More