Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

حب میں پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ

حب، 22 اکتوبر: ڈپٹی کمشنر حب جمعہ داد خان نے کہا ہے کہ ضلع حب کے عوام، صنعتی اداروں اور زرعی شعبے کو پانی کی منصفانہ اور پائیدار فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط اقدامات کریں۔ پانی کی قلت، غیر قانونی کنکشنز اور پانی کے ضیاع کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس حب میں ضلعی واٹر کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں حب ڈیم کے پروجیکٹ ڈائریکٹر، محکمہ آبپاشی، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، لیڈا، واپڈا، فرنٹیئر کور، پولیس، ضلعی انتظامیہ، محکمہ زراعت اور انجمن زمینداران کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلع حب میں پانی کی بار بار قلت، حب کے لیے مختص پانی کے حصے، کراچی اور حب کے درمیان پانی کی تقسیم، نہروں کی خستہ حالی، ترسیلی نقصانات، غیر قانونی کنکشنز اور زرعی و صنعتی شعبوں کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں اور انتظامی اقدامات کے باوجود پانی کی قلت دوبارہ پیدا ہونا تشویش ناک ہے۔ حب کی آبادی میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے، جبکہ علاقے میں بڑی تعداد میں صنعتی یونٹس اور ساکران سمیت ملحقہ علاقوں میں وسیع زرعی اراضی موجود ہے، جن کی ضروریات پوری کرنے کے لیے پانی کی مسلسل اور منصفانہ فراہمی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت سے گھریلو صارفین، صنعتی پیداوار اور زراعت متاثر ہو رہی ہے، لہٰذا متعلقہ تکنیکی ادارے حب کے لیے مختص اور جائز حصے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق ضلعی انتظامیہ یہ مسئلہ مختلف فورمز پر اٹھانے کے علاوہ مشترکہ سروے اور غیر قانونی کنکشنز کے خلاف کارروائیاں بھی کر چکی ہے۔ تاہم مسئلے کے مستقل حل کے لیے پانی کی تقسیم، ترسیلی نقصانات اور نہروں کی موجودہ حالت کا جامع جائزہ لینا ضروری ہے۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے پروجیکٹ ڈائریکٹر حب ڈیم نے بتایا کہ نہری نظام کی خستہ حالی اور پانی کے رساؤ کے باعث ترسیل کے دوران خاصا پانی ضائع ہو رہا ہے، جبکہ رواں سال بارشوں کی کمی نے بھی پانی کی دستیابی پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے پانی کے مؤثر استعمال، نہروں کی مرمت اور ضیاع کی روک تھام کی ضرورت پر زور دیا۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پانی کی دستیابی، مختص حصے، اصل فراہمی اور ترسیلی نقصانات کا مستند اعداد و شمار کی روشنی میں جائزہ لیا جائے اور حب کے جائز حصے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے پانی کے تحفظ کے ساتھ طویل عرصے سے موجود بنیادی مسائل کا مستقل حل تلاش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں صدر انجمن زمینداران حب رفیق سپیحد نے ساکران اور ملحقہ زرعی علاقوں میں آبپاشی کے پانی کی قلت سے زمینداروں کو درپیش مشکلات بیان کرتے ہوئے فصلوں کے لیے پانی کی منصفانہ اور بروقت فراہمی کا مطالبہ کیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر قانونی پانی کے کنکشنز اور پانی چوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ محکمہ آبپاشی، اسسٹنٹ کمشنر حب اور پولیس متعلقہ قوانین کے تحت مشترکہ کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ ایس ایچ او ساکران اور صنعتی علاقے کی پولیس کو نہروں کے حساس مقامات پر نگرانی اور گشت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی اور قابلِ دست اندازی جرم ثابت ہونے پر ایف آئی آر درج کی جائے گی۔

مزید فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ آبپاشی نہروں اور آبی گزرگاہوں کے متاثرہ حصوں کی نشاندہی کرکے مرمت اور بحالی کے لیے مقررہ مدت پر مشتمل منصوبہ تیار کرے گا۔ متعلقہ ادارے حب اور کراچی کو مختص پانی، اصل اخراج، دستیاب ذخیرے، طلب اور ترسیلی نقصانات کے مستند اعداد و شمار ضلعی انتظامیہ کو فراہم کریں گے۔

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ گھریلو صارفین کی پینے کے پانی کی بنیادی ضروریات کو ترجیح دی جائے گی، جبکہ دستیاب پانی مقررہ طریقہ کار کے مطابق لیڈا ریزروائر اور صنعتی ضروریات کے لیے استعمال کیا جائے گا تاکہ صنعتی سرگرمیاں اور روزگار متاثر نہ ہوں۔ تمام متعلقہ اداروں، صنعتی یونٹس، زمینداروں اور صارفین کو پانی احتیاط سے استعمال کرنے اور ضیاع روکنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر حب نے تمام متعلقہ اداروں کو فیصلوں پر بلا تاخیر عمل درآمد اور سابقہ و موجودہ اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں پر پیش رفت کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت کا مستقل حل نہ نکلنے سے عوامی مشکلات بڑھنے اور امن و امان کے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرتے ہوئے ضلع حب کے عوام، صنعتوں اور زرعی شعبے کو پانی کی منصفانہ اور پائیدار فراہمی یقینی بنائیں

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More