صدر مملکت آصف علی زرداری نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ اخبارات کے مطالعے کی عادت اپنائیں اور کہا ہے کہ جمہوریت کے استحکام میں اخبارات کا غیر جانب دار اور متوازن کردار قابل قدر ہے۔
قومی یوم اخبار بینی کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ اخبارات آج بھی رائے عامہ کی تشکیل اور ایک باخبر شہری معاشرے کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اخبارات کے ادارتی بورڈز ریاست اور معاشرے کے وسیع تر مفاد میں سماجی و اقتصادی، مذہبی اور سیاسی مسائل کے ساتھ ساتھ خارجہ پالیسی پر بھی مناسب توجہ مرکوز رکھیں گے۔
صدر آصف علی زرداری نے آزاد صحافت اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ میں میڈیا کے چوتھے ستون کی حیثیت سے کردار پر اپنے پختہ یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافت ریاست اور معاشرے سے متعلق معاملات میں فیصلہ سازوں کو جوابدہ بنانے میں بھی اہم ذمہ داری ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کی تیز رفتار ترقی کے باوجود اخبارات کی اہمیت برقرار ہے۔ موجودہ دور میں اخبار بینی صرف مطبوعہ صفحات تک محدود نہیں رہی بلکہ اخبارات تیزی سے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور آن لائن رسائی کی دیگر صورتوں کے ذریعے بھی قارئین تک پہنچ رہے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کی تیز رفتار ترقی، جعلی خبروں کا پھیلاؤ اور ڈس انفارمیشن پر مبنی مہمات سماجی اقدار، ثقافتی نقطہ نظر اور طرز عمل کو متاثر کر رہی ہیں۔ ایسے ماحول میں ذمہ دارانہ ادارتی نگرانی کے تحت قابل اعتماد اور متوازن صحافت کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مطبوعہ یا ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے اخبارات کے مطالعے کو اپنی عادت بنائیں اور اس کے ساتھ جدید تکنیکی مہارتیں بھی حاصل کریں۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ وہ جمہوریت کے استحکام میں اخبارات کے غیر جانب دار اور متوازن کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ادارتی بورڈز ریاست اور معاشرے کے وسیع تر مفاد میں سماجی و اقتصادی، مذہبی اور سیاسی مسائل کے ساتھ خارجہ پالیسی کو بھی مناسب اہمیت دیتے رہیں گے۔
صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی اور کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز علاقائی و عالمی پیش رفت کے حوالے سے باخبر قومی مباحثے اور وسیع تر عوامی فہم و آگاہی کے فروغ میں اپنا کردار جاری رکھیں گے۔
انہوں نے صحافت کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے اور آزاد صحافت کے لیے سازگار ماحول کے فروغ کے سلسلے میں پریس کو اپنی مسلسل حمایت کا یقین بھی دلایا۔